رواں برس بیشتر ممالک میں بیروزگاری کی شرح بڑھنے کا خدشہ ہے، فائل فوٹو
 رواں برس بیشتر ممالک میں بیروزگاری کی شرح بڑھنے کا خدشہ ہے، فائل فوٹو

خوشحال ممالک میں سوئٹزرلینڈ پھر بازی لے گیا

محمد علی:
خوشحال ممالک میں سوئٹزرلینڈ پھر بازی لے گیا۔ سوئٹرزلینڈ سب سے زیادہ سالانہ اوسط تنخواہ ادا کرتا ہے۔ جو 86 ہزار 777 ڈالر ہے۔ جبکہ فہرست میں لکسمبرگ کا دوسرا نمبر ہے۔ ادھر انسانی ترقی کے انڈیکس (ایچ ڈی آئی) میں بھی سوئٹزرلینڈ کی بالادستی برقرار ہے۔ جبکہ یہ تمام صورتحال ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب رواں برس بیشتر ممالک میں بے روزگاری کی شرح میں اضافے کا خدشہ ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارے، انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) نے رپورٹ کیا ہے کہ گزشتہ برس معیشت میں معمولی بہتری کے باوجود 2024ء میں عالمی بے روزگاری کی شرح میں اضافہ متوقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2023ء میں بے روزگاری کی شرح 2022ء میں 5.3 فیصد سے کم ہوکر 5.1 فیصد ہوگئی تھی۔ تاہم 2024ء کے آؤٹ لک میں 2023ء کے مقابلے اس شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ جس کے بعد یہ شرح 5.2 ہوگئی۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ زیادہ اور کم آمدنی والے ممالک میں فرق پایا جاتا ہے۔ 2023ء میں زیادہ آمدنی والے ممالک میں ملازمتوں کے فرق کی شرح 8.2 فیصد تھی۔ جبکہ کم آمدنی والے ممالک میں یہ شرح 20.5 فیصد تھی۔ اسی طرح زیادہ آمدنی والے ممالک میں بے روزگاری کی شرح 4.5 فیصد رہی۔ جبکہ کم آمدنی والے ممالک میں یہ شرح 5.7 فیصد تھی۔

دنیا میں سب سے زیادہ سالانہ اوسط تنخواہ ادا کرنے والے ممالک کی بات کی جائے تو سوئٹزرلینڈ نمایاں ہے۔ انسائیڈر منکی نامی ایک فنانس ویب سائٹ (جو عام سرمایہ کاروں کو مفت انسائیڈر ٹریڈنگ اور ہیج فنڈ ڈیٹا فراہم کرتی ہے) نے یہ فہرست شائع کی ہے۔ جس کے تحت سوئٹزرلینڈ میں اوسط تنخواہ 86 ہزار 777 ڈالر کی سطح پر ہے۔ جبکہ لکسمبرگ میں 75 ہزار 316 ڈالر اوسط تنخواہ ہے۔ ڈنمارک 71 ہزار 268 ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ امریکا میں اوسط تنخواہ 59 ہزار 428 ڈالر۔

ناروے میں اوسط تنخواہ 59 ہزار 300 ڈالر۔ آسٹریلیا میں اوسط تنخواہ 59 ہزار 139 ڈالر ہے۔ جبکہ جرمنی میں اوسط تنخواہ 55 ہزار 599 ڈالر۔ آئس لینڈ میں اوسط تنخواہ 52 ہزار 440 ڈالر۔ سنگاپور میں اوسط تنخواہ 51 ہزار 921 ڈالر اور یو اے ای اوسط تنخواہ 51 ہزار 390 ڈالر کے ساتھ 10 ویں نمبر ہے۔ موناکو میں اوسط تنخواہ 51 ہزار ڈالر۔ قطر میں اوسط تنخواہ 50 ہزار 868 ڈالر۔

فن لینڈ میں اوسط تنخواہ 49 ہزار 613 ڈالر۔ آئرلینڈ میں اوسط تنخواہ 48 ہزار 887 ڈالر اور کینیڈا میں اوسط تنخواہ 48 ہزار 607 ڈالر ہے۔ جبکہ نیوزی لینڈ میں اوسط تنخواہ 47 ہزار 703 ڈالر۔ ہانگ کانگ میں اوسط تنخواہ 46 ہزار 951 ڈالر۔ آسٹریا میں اوسط تنخواہ 46 ہزار 379 ڈالر۔ سویڈن میں اوسط تنخواہ 46 ہزار ڈالر اور نیدرلینڈز میں وسط تنخواہ 45 ہزار 323 ڈالر ہے۔

اسی طرح بلجیم میں اوسط تنخواہ 45 ہزار 348 ڈالر۔ جاپان میں اوسط تنخواہ 45 ہزار ڈالر۔ برطانیہ میں اوسط تنخواہ 44 ہزار 323 ڈالر۔ اٹلی میں اوسط تنخواہ 43 ہزار 920 ڈالر اور اسرائیل میں اوسط تنخواہ 42 ہزار 300 ڈالر ہے۔ خیال رہے کہ درج بالا اوسط تنخواہ سالانہ بنیاد پر درج کی گئی ہے۔ جبکہ اس کا ڈیٹا سرمایہ کاری کی ویب سائٹ ’انسائڈر منکی‘ نے دنیا بھر سے مختلف پیشوں سے وابستہ افراد کو ادا کی جانے والی سالانہ اوسط تنخواہ سے اکٹھا کیا ہے۔

ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس کے مطابق انسانی ترقی کے انڈیکس میں پہلا نمبر سوئٹزرلینڈ کا ہے۔ جس کے بعد ناروے اور آئس لینڈ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ فہرست میں ہانگ کانگ چوتھے، ڈرنمارک پانچویں، سویڈن چھٹے، جرمنی ساتویں، آئرلینڈ آٹھویں، سنگاپور نویں اور آسٹریلیا دسویں نمبر پر موجود ہے۔ ٹاپ ٹین میں نہ ہونے کے باوجود متحدہ عرب امارات انڈیکس میں سب سے بہتر پرفارم کرنے والا ملک بن گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کی انڈیکس رپورٹ میں علاقائی طور پر متحدہ عرب امارات پہلے نمبر پر ہے۔ رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات عالمی درجہ بندی میں گزشتہ رپورٹ کے مقابلے 9 درجہ بہتر ہوکر 193 ممالک میں عالمی سطح پر 17ویں نمبر پر آگیا۔ فہرست میں جنوبی کوریا 19 ویں، امریکا 20 ویں، روس 56 ویں، چین 75 ویں اور بھارت 134 ویں نمبر پر ہے۔

اقوام متحدہ کے جاری کردہ ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس 2024ء کے مطابق پاکستان انسانی ترقی کے معیار کے حوالے سے 191 ممالک کی فہرست میں صفر اعشاریہ 544 پوائنٹس کے ساتھ 161 ویں نمبر پر ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔