تہران: ایران کے دارالحکومت تہران کے گرد و نواح میں ایک بار پھر دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، جن میں کرَج شہر کے پَیام ایئرپورٹ کے قریب ہونے والے دھماکے بھی شامل ہیں۔ یہ وہی مقام ہے جو پہلے بھی اسرائیلی فضائی حملوں کا نشانہ بن چکا ہے۔
تہران کے مشرقی حصے سے بھی دھماکوں کی آوازیں آنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، تاہم تاحال ان حملوں کے ممکنہ اہداف کے بارے میں کوئی تصدیق نہیں ہو سکی۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی حکومت کے ایک ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ ملک کے کم از کم دو بینکوں پر سائبر حملے کیے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق انٹرنیٹ پر وقتی پابندیاں اس لیے عائد کی گئی ہیں تاکہ سائبر ڈھانچے کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے "ایرانی حکومت کے انٹرنل سکیورٹی ہیڈکوارٹر کو تباہ کر دیا ہے”۔ اس سے قبل ایک اسرائیلی چینل نے اطلاع دی تھی کہ اسرائیلی فضائیہ تہران کے ارد گرد عسکری اہداف پر بمباری کر رہی ہے۔