ایرانی بحری جہاز کے ارکان پاکستان منتقل کر دیے۔ دفتر خارجہ کی تصدیق
22 ارکان پاکستان منتقل ہو گئے۔عملے کو آج ایرانی حکام کے حوالے کیا جائےگا۔ دفترخارجہ
امریکہ نے ضبط شدہ ایرانی بحری جہاز توسکا کے 22 ارکان کو پاکستان منتقل کر دیا ہے، پاکستانی دفتر خارجہ نے تصدیق کر دی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے تصدیق کر دی ہے کہ امریکہ کے اعتماد سازی اقدام کے تحت ایرانی جہاز کے 22 ارکان پاکستان منتقل ہو گئے ہیں، ایرانی عملے کو آج ایرانی حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔
ترجمان نے کہا ایرانی جہاز کی مرمت کے بعد پاکستانی حدود میں لا کر مالکان کے حوالے کیا جائے گا، عملے اور جہاز کی واپسی ایران اور امریکہ کے تعاون سے کی جا رہی ہے، پاکستان اعتماد سازی کے ایسے تمام اقدامات کا خیر مقدم کرتا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے مکالمے، سفارت کاری اور ثالثی کی کوششیں جاری رکھے گا۔
اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز نے کہا ’’آج امریکی افواج نے جہاز ایم وی توسکا کے 22 رکنی عملے کو پاکستان منتقل کرنے کا عمل مکمل کر لیا گیا تاکہ انھیں وطن واپس بھیجا جا سکے، 6 دیگر مسافر پہلے ہی گزشتہ ہفتے ایک علاقائی ملک منتقل کیے جا چکے تھے تاکہ انھیں بھی واپس بھیجا جا سکے۔