پینٹاگون نے صحافیوں پر نئی سخت پابندیاں عائد کر دیں

واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے فوجی سرگرمیوں کی رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کے لیے سخت ضابطے متعارف کرا دیے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پینٹاگون کے نئے ہدایت نامے میں صحافیوں کو حلف نامہ جمع کرانے کا پابند بنایا گیا ہے، جس میں انہیں اس بات کی یقین دہانی کرانی ہوگی کہ وہ صرف وہی معلومات شائع کریں گے جو سرکاری طور پر جاری کی جائیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں ان کے میڈیا کارڈ منسوخ کیے جا سکتے ہیں۔

پابندیاں نہ صرف خفیہ بلکہ ’’کنٹرولڈ غیر خفیہ‘‘ معلومات پر بھی لاگو ہوں گی۔ اس کے ساتھ ہی صحافیوں کی پینٹاگون میں آزادانہ نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہے اور وہ صرف سرکاری اہلکار کے ہمراہ مخصوص حصوں تک جا سکیں گے۔

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیٹھ نے اپنے بیان میں کہا کہ *“پریس پینٹاگون نہیں چلاتی، عوام چلاتے ہیں، صحافیوں کو اصولوں کی پابندی کرنا ہوگی ورنہ انہیں گھر جانا ہوگا۔”*

ان نئے قواعد پر امریکی میڈیا نے شدید ردعمل دیا ہے۔ نیویارک ٹائمز نے اسے عوام کے ٹیکس پر چلنے والی فوجی سرگرمیوں تک رسائی محدود کرنے کا خطرناک قدم قرار دیا، جبکہ نیشنل پریس کلب کے صدر مائیک بالسامو نے اسے “آزاد صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔