ایران مذاکرات کا اگلا مرحلہ تہران کے فیصلے سے مشروط ہے،جے ڈی وینس

امریکا کو امید ہے ایران آبنائے ہرمز میں صورتحال بہتر بنانے کے لیے مثبت اقدامات کرے گا، کیونکہ یہ عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے نہایت اہم گزرگاہ ہے۔

               
April 14, 2026 · اہم خبریں
ایران مذاکرات کا اگلا مرحلہ تہران کے فیصلے سے مشروط ہے،جے ڈی وینس

ایران مذاکرات کا اگلا مرحلہ تہران کے فیصلے سے مشروط ہے،جے ڈی وینس

جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کے دوسرے مرحلے کا انحصار مکمل طور پر تہران کے فیصلے پر ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ امریکا کو امید ہے ایران آبنائے ہرمز میں صورتحال بہتر بنانے کے لیے مثبت اقدامات کرے گا، کیونکہ یہ عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے نہایت اہم گزرگاہ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا اور اس حوالے سے اپنی سرخ لکیریں واضح کر چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو اپنے جوہری پروگرام سے متعلق سنجیدہ فیصلے کرنا ہوں گے، جن میں حساس مواد سے متعلق اقدامات بھی شامل ہیں۔

جے ڈی وینس نے الزام عائد کیا کہ ایران خطے میں کشیدگی بڑھانے اور بحری راستوں کو غیر محفوظ بنانے جیسے اقدامات میں ملوث ہے، جس پر امریکا اپنی حکمت عملی کے تحت ردعمل دے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایران نے بحری نقل و حرکت محدود کرنے کی کوشش کی تو امریکا بھی جوابی اقدامات کر سکتا ہے۔

امریکی نائب صدر کے مطابق اگرچہ حالیہ مذاکرات میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے، تاہم کسی بڑے معاہدے تک پہنچنے کے لیے حتمی قدم ایران کو ہی اٹھانا ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا اقتصادی دباؤ کے ذریعے ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم خواہش یہی ہے کہ ایرانی عوام ترقی اور خوشحالی کی طرف بڑھیں۔

یاد رہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ امریکا-ایران مذاکرات کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے تھے۔