اسلام آباد وزارت خزانہ کی کفایت شعاری مہم،وفاقی اسپتالوں کے فنڈز میں کروڑوں کی کٹوتی

پولی کلینک اسپتال، نیشنل ریہیبلیٹیشن میڈیسن اسپتال (نرم) اور فیڈرل گورنمنٹ ہسپتال کے بجٹ میں بھی نمایاں کمی کی گئی ہے

               
. April 16, 2026 · قومی

اسلام آباد (افضل شاہ یوسفزئی) وزارت خزانہ کی جانب سے کفایت شعاری مہم کے تحت وفاقی اسپتالوں کے فنڈز میں کروڑوں روپے کی کٹوتیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس پر طبی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس فیصلے کو مریض دشمن اقدام قرار دیا جا رہا ہے

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے فنڈز سے 39 کروڑ روپے سے زائد کی کٹوتی کی گئی ہے، جبکہ پولی کلینک اسپتال، نیشنل ریہیبلیٹیشن میڈیسن اسپتال (نرم) اور فیڈرل گورنمنٹ ہسپتال کے بجٹ میں بھی نمایاں کمی کی گئی ہے

ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے نہ صرف فنڈز کم کیے بلکہ اسپتالوں کو سامان کی خریداری سے بھی روک دیا ہے۔ ادویات، شعبہ پرچیز اور مینٹیننس کے لیے مختص فنڈز میں کٹوتی کے باعث اسپتالوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے

وفاقی اسپتالوں کی انتظامیہ نے اس فیصلے کے خلاف وزارت صحت کو باقاعدہ خط لکھ دیا ہے، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کفایت شعاری مہم کے تحت اسپتالوں کو استثنا دیا جائے۔ پمز اسپتال کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزارت صحت اس معاملے کو وزارت خزانہ کے ساتھ اٹھائے اور فنڈز کٹوتی کا فیصلہ واپس لیا جائے

ذرائع کے مطابق فنڈز میں کمی کے باعث پمز میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ سرجری کے سامان کی دستیابی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ اسپتال کو جنریٹرز اور گاڑیوں کے لیے پٹرول و ڈیزل کی قلت کا بھی سامنا ہے
ذرائع کے مطابق پمز کو پہلے ہی ڈیڑھ ارب روپے کے فنڈز کی کمی کا سامنا ہے جس میں مزید کٹوتی سے بحران سنگین ہو سکتا ہے۔