پی ایس ایل میں آج پنک ڈے منایا جائے گا

پنک ڈے کے موقع پر تمام کھلاڑی اور آفیشلز پنک کیپس اور ربنز پہن کر مہم کا حصہ بنیں گے

               
April 16, 2026 · اسپورٹس

 کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن میں آج بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے پنک ڈے منایا جا رہا ہے۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں ٹورنامنٹ کا چھٹا ڈبل ہیڈر کھیلا جائے گا۔ پہلے میچ میں حیدرآباد کنگز اور راولپنڈی کی ٹیمیں جبکہ دوسرے میچ میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ آمنے سامنے ہوں گی۔

پنک ڈے کے موقع پر تمام کھلاڑی اور آفیشلز پنک کیپس اور ربنز پہن کر مہم کا حصہ بنیں گے، جبکہ اسٹیڈیم میں استعمال ہونے والے اسٹمپس اور گرافکس بھی خصوصی پنک کلر میں ہوں گے۔

آگاہی مہم کے تحت پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے جن میں کپتان فاطمہ ثنا، سیدہ عروب شاہ، رامین شمیم اور منیبہ علی شامل ہیں۔ ویمن کرکٹرز میچ سے قبل وارم اپ سیشنز میں بھی حصہ لیں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں بریسٹ کینسر کے کیسز کی شرح نمایاں طور پر زیادہ ہے، اور اس مہم کا مقصد بروقت تشخیص اور بیماری کے خلاف شعور اجاگر کرنا ہے۔