فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پاسدارانِ انقلاب کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ , اہم عسکری قیادت سے ملاقات
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں اپنی حالیہ بات چیت کے تناظر میں ہونے والی پیش رفت سے ایرانی قیادت کو آگاہ کیا۔
فوٹو آئی ایس پی آر
تہران: پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران میں پاسدارانِ انقلاب کے خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انھوں نے کمانڈر سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران انھوں نے آئی جی آر سی کے کمانڈر کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے فریم ورک کے تحت کیے گئے اقدامات اور تہران میں ہونے والی اپنی حالیہ بات چیت سے متعلق گفتگو کی۔فریقین کے درمیان خطے کی صورتحال اور امن و استحکام کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں اپنی حالیہ بات چیت کے تناظر میں ہونے والی پیش رفت سے ایرانی قیادت کو آگاہ کیا۔فریقین نے مشرقِ وسطیٰ اور مجموعی علاقائی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے امن و استحکام کے امکانات پر غور کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر زور دیا کہ خطے کو مزید عدم استحکام سے بچانے کے لیے جنگ بندی اور کشیدگی میں کمی کی کوششوں کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کی منزل کے حصول کے لیے جاری کوششوں میں تسلسل لازمی ہے تاکہ خطے کے عوام کو محفوظ مستقبل فراہم کیا جا سکے۔