پی ایس ایل 11: بابر کی سنچری، زلمی نے گلیڈی ایٹرز کو بڑے مارجن سے پچھاڑ دیا

پشاور زلمی کے دیے 256 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 137 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

               
April 20, 2026 · اسپورٹس
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے 29ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 118 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

پشاور زلمی کی جانب سے دیے گئے 256 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 137 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے بیون جیکب نے 34، شمائل حسین نے 21، دنیش چندیمل نے 19 اور کپتان سعود شکیل نے 12 رنز کی اننگ کھیلی۔

گلیڈی ایٹرز کے عثمان طارق 7، حسن نواز 5، ثاقب خان 4، جہانداد خان 3 ، ابرار احمد ایک اور ریلے روسو بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے۔

پشاور زلمی کی جانب سے محمدباسط نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، ایرون ہارڈی اور علی رضا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سفیان مقیم اور مائیکل بریسویل نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے 52 گیندوں پر 4 چھکو ں اور 6 چوکوں کی بدولت 100 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی، کوشال مینڈس 83 رنز کی دھواں دار اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 3 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔

زلمی کے فرحان یوسف 19 جبکہ محمد حارث 16 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ ایرون ہارڈی 26رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے الزاری جوزف، ابرار احمد اور عثمان طارق نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔