بوسٹن میراتھون میں کینیا کے جان کوریر کا نیاعالمی ریکارڈ

29 سالہ اتھلیٹ نے مقررہ فاصلہ 2 گھنٹے، 1 منٹ اور 52 سیکنڈ میں طے کیا

               
April 21, 2026 · اسپورٹس

کینیا کے مایہ ناز رنر جان کوریر نے بوسٹن میراتھون میں اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے نہ صرف مسلسل دوسری بار کامیابی حاصل کی بلکہ نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔
بی بی سی کے مطابق 29 سالہ جان کوریر نے مقررہ فاصلہ 2 گھنٹے، 1 منٹ اور 52 سیکنڈ میں طے کر کے 2011 میں اپنے ہی ہم وطن جیوفری موٹائی کا بنایا گیا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی جان کوریر کا یہ وقت عالمی سطح پر 5واں تیز ترین میراتھن وقت قرار پایا ہے۔خواتین کے مقابلے میں بھی کینیا کی حکمرانی برقرار رہی۔

کینیا کی شیرون لوکیڈی نے 2 گھنٹے، 18 منٹ اور 51 سیکنڈ میں ریس جیت کر اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا۔ اگرچہ وہ اپنا گزشتہ ریکارڈ نہ توڑ سکیں، تاہم وہ اپنی قریب ترین حریف لوئس چیم ننگ سے 44 سیکنڈ پہلے فنش لائن عبور کرنے میں کامیاب رہیں۔ لوکیڈی کا کہنا تھا کہ شائقین کی حوصلہ افزائی اور صبر و تحمل نے انہیں اس جیت تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ایونٹ کی سب سے زیادہ توجہ طلب کارکردگی برطانیہ کی 33 سالہ ایتھلیٹ کیلی ہاگر تھیکرے کی رہی۔ 22 ہفتوں کی حاملہ ہونے کے باوجود انہوں نے 2 گھنٹے، 43 منٹ اور 58 سیکنڈ میں دوڑ مکمل کر کے سب کو حیران کر دیا۔