بھارتی بنگال کے الیکشن میں بی جے پی کی مچھلی پر سیاست

ہندو قوم پرست جماعت پوری طاقت لگا رہی ہے کہ وہ ممتا بنرجی کے مضبوط قلعے میں نقب لگا سکے

               
April 24, 2026 · امت خاص

 

بھارت کی ریاست مغربی بنگال کی سیاست میں آج کل بی جے پی کے امیدوار ہاتھوں میں مچھلیاں اٹھائے ووٹ مانگ رہے ہیںلیکن ماس مچھلی کی مخالف ہندو قوم پرست مچھلی کا سہارا لینے پر کیوں مجبور ہوئی؟ یہ انتہائی دلچسپ ہے۔

بنگال کا الیکشن اب صرف ووٹوں کی گنتی تک محدود نہیں رہا، بلکہ یہ ماچھ، ماٹی اور مانوش یعنی مچھلی، مٹی اور عوام کی شناخت کی جنگ بن چکا ہے۔

مچھلی کو ایک بڑے سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔یہاں ایک اہم حقیقت یہ بھی ہے کہ مغربی بنگال کی تاریخ میں بھارتیہ جنتا پارٹی یعنی بی جے پی کبھی برسرِاقتدار نہیں آئی۔ اس بار بی جے پی پوری طاقت لگا رہی ہے کہ وہ ممتا بنرجی کے اس مضبوط قلعے میں نقب لگا سکے۔لیکن رکاوٹ وہ روایتی بنگالی کلچر ہے جہاں مچھلی کھانا صرف ضرورت نہیں، بلکہ ایک تہذیب ہے۔

بی جے پی پر اکثر یہ تنقید کی جاتی ہے کہ وہ اپنے مخصوص نظریات کے تحت یہاں کی غذائی عادات کو بدلنا چاہتی ہے اور مچھلی کھانے والوں کو سبزی خور بنانے کی خواہش مند ہے۔ لیکن اب یہی بی جے پی مچھلی اٹھائے گھوم رہی ہے۔