تاج محل کا 200 سال پرانا تاریخی سنگ مرمر نیلام ہوگا

نیلام گھر نے اس مستطیل نما سلیب کی متوقع قیمت 20 ہزار سے 30 ہزار برطانوی پاؤنڈ (تقریباً 24 سے 36 لاکھ بھارتی روپے) مقرر کی ہے۔

November 28, 2026 · امت خاص
تاج محل کا 200 سال پرانا تاریخی سنگ مرمر نیلام ہوگا

تاج محل کا 200 سال پرانا تاریخی سنگ مرمر نیلام ہوگا

لندن: بھارت کے مشہور تاریخی ورثے تاج محل سے دو سو سال قبل برطانیہ لے جایا جانے والا ایک نایاب سنگِ مرمر کا سلیب (تختی) لندن میں نیلامی کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔
معروف بھارتی اخبار دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق، برطانیہ کا معروف نیلام گھر ‘لائن اینڈ ٹرن بل’ (Lyon & Turnbull) آئندہ ماہ 9 دسمبر کو “اسلامک اینڈ انڈین آرٹ” کے عنوان سے منعقدہ نیلامی میں اس تاریخی سلیب کو فروخت کے لیے پیش کرے گا۔ نیلام گھر نے اس مستطیل نما سلیب کی متوقع قیمت 20 ہزار سے 30 ہزار برطانوی پاؤنڈ (تقریباً 24 سے 36 لاکھ بھارتی روپے) مقرر کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ ماربل سلیب برطانوی ایسٹ انڈیا کمپنی کے ایک افسر کرنل پاؤنول فپس (Colonel Pownoll Phipps) 1816 میں آگرہ میں عمارتوں کی مرمت کے سپرنٹنڈنٹ کی حیثیت سے اپنی تعیناتی کے اختتام پر اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ کرنل فپس کے بیٹے کی یادداشتوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایسے دو سلیب تاج محل کے ایک تہہ خانے سے ملے تھے، جن کے بارے میں خیال تھا کہ انہیں عمارت کی مرمت کے لیے رکھا گیا تھا۔ کرنل فپس 1823 میں برطانیہ واپس لوٹے اور تب سے یہ سلیب ان کے خاندان کی نجی تحویل میں محفوظ تھا۔

اس سنگِ مرمر کی تختی پر پھولوں کا انتہائی نفیس اور دلکش نقش و نگار (floral border) کندہ ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کے کناروں پر کیا گیا کام بالکل ویسا ہی ہے جیسا تاج محل کے اندر مغل بادشاہ شاہ جہاں کی قبر کے اوپری حصے پر موجود ہے۔
نیلامی میں اس ماربل سلیب کے ساتھ تاج محل کی ایک قدیم بلیک اینڈ وائٹ تصویر اور دو تاریخی خطوط بھی شامل کیے گئے ہیں، جن میں سے ایک کرنل پاؤنول کے پوتے کا مطبوعہ خط اور دوسرا ‘مارکوئس آف باتھ’ کا ہاتھ سے لکھا ہوا خط ہے۔