اسرائیلی فضائی حملے میں حماس سربراہ خلیل الحیہ کے بیٹے محفوظ، متعدد رشتہ دار زخمی
فجر کے وقت رہائشی اپارٹمنٹ پر بمباری، حماس نے حملے کو جنگ بندی معاہدہ ناکام بنانے کی سازش قرار دے دیا
اسرائیلی فضائی حملے میں حماس سربراہ خلیل الحیہ کے بیٹے محفوظ، متعدد رشتہ دار زخمی
غزہ میں جمعہ کی صبح اسرائیلی فوج کے ایک فضائی حملے میں حماس کے سربراہ خلیل الحیہ کے بیٹے عزالدین الحیہ محفوظ رہے، تاہم اس کارروائی میں ان کے خاندان کے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ حماس کے سینئر رہنما باسم نعیم نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ اسرائیلی فوج نے فجر کے وقت ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں خلیل الحیہ کی بہو سمیت کئی افراد زخمی ہوئے، البتہ اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دستاویزات اور حماس کے ذرائع کے مطابق 1997 میں پیدا ہونے والے عزالدین الحیہ، خلیل الحیہ کے زندہ بچ جانے والے آخری صاحبزادے ہیں جبکہ ان کے چار دیگر بیٹے پچھلے اسرائیلی حملوں میں شہید ہوچکے ہیں۔ باسم نعیم نے مزید وضاحت کی کہ عزالدین الحیہ، ہمام خلیل الحیہ کے جڑواں بھائی ہیں جو اس سے قبل قطر میں حماس رہنماؤں کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوگئے تھے، جبکہ خلیل الحیہ خود اس حملے میں محفوظ رہے تھے۔
حماس نے اس تازہ حملے کو اسرائیلی وزیر دفاع کی جانب سے خلیل الحیہ کو دی جانے والی دھمکیوں کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل خطے میں جنگ بندی معاہدے کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ تنظیم نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل اپنے مسلسل حملوں اور جارحیت کے نتائج کا مکمل ذمہ دار ہوگا۔ یاد رہے کہ خلیل الحیہ کو گزشتہ سال جولائی میں حماس کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا اور انہوں نے ایک روز قبل ہی غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد کی ہلاکت کے بعد سخت جوابی کارروائی سے خبردار کیا تھا۔