حکومتی اقدامات اور گندم کی درآمد کے باوجود ملک بھر میں آٹا مزید مہنگا ہوگیا
مہنگائی کا جن بے قابو، 20 کلو آٹے کا تھیلا 3,800 روپے تک پہنچ گیا، شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
حکومتی اقدامات اور گندم کی درآمد کے باوجود ملک بھر میں آٹا مزید مہنگا ہوگیا
ملک میں تمام تر حکومتی اقدامات اور گندم کی درآمد کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ جاری ہے اور 20 کلو آٹے کے تھیلے کی زیادہ سے زیادہ قیمت 3,800 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جاری کردہ دستاویز کے مطابق حیدرآباد کے شہری اس وقت ملک میں سب سے زیادہ مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔
دستاویز کے مطابق پشاور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3,750 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں اس کی قیمت 3,733 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کراچی، بنوں اور کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3,600 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دیگر شہروں میں بھی آٹے کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جن میں لاڑکانہ میں آٹا 3,560 روپے، گوجرانوالہ میں 3,533 روپے جبکہ سیالکوٹ اور لاہور میں بھی 20 کلو آٹے کا تھیلا 3,533 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر گندم اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔