اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر کوالیفائر میں جگہ بنا لی
اسلام آباد یونائیٹڈ 28 اپریل کو کوالیفائر میں پشاور زلمی کا سامنا کرے گی۔
فائل فوٹو
کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) الیون کے 40 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر کوالیفائر میں جگہ بنا لی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 193 رنز کا ہدف 19ویں اوورز میں شاندار انداز میں حاصل کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے سے دوسرے نمبر پر چھلانگ لگا دی اور اب وہ 28 اپریل کو کوالیفائر میں پشاور زلمی کا سامنا کرے گی۔
مارک چیپمین نے 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 33 گیندوں پر 69 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
میچ میں ڈراپ کیچز، خراب فیلڈنگ اور اضافی رنز دینے کی غلطیاں ملتان سلطانز کو مہنگی پڑ گئیں، آخری اوورز میں بھی ناقص بولنگ کی گئی۔
اس سے قبل ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹد کو جیت کیلئے 193 رنز کا ہدف دیا تھا، ملتان سلطانز نے آخری اوورز میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 192 کا مضبوط اسکور بنایا۔ ایک وقت میں لگ رہا تھا کہ یونائیٹڈ میچ پر قابو پا چکی ہے، مگر آخری پانچ اوورز میں ملتان نے میچ کا رخ بدل دیا۔
Chapman smacks it for a six! 🔥
The chase is well and truly on 😬#HBLPSL11 | #NewEra | #IUvMS pic.twitter.com/OnVEUGdFcX
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) April 26, 2026
پاور پلے میں ملتان سلطانز نے زبردست آغاز کیا، اوپنرز نے 60 رنز کی شراکت قائم کی، درمیان کے اوورز میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے بہترین بولنگ سے رنز روکے، لیکن ڈیتھ اوورز میں سلطانز نے دھواں دار بیٹنگ کی۔
ملتان سلطانز کے شان مسعود نے 44، صاحبزادہ فرحان اور اسٹیو اسمتھ نے 30، 30 رنز اسکور کیے، عرفات منہاس نے 31 اور وسیم جونیئر نے 26 رنز بنائے، انہوں نے آخری اوور میں 2 چوکے اور 2 شاندار چھکے لگائے جس کی بدولت ملتان 190 کے پار پہنچی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے تمام 6 بولرز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، جبکہ اسپنرز نے کفایتی بولنگ کی، فہیم اشرف نے دباؤ برقرار رکھا، فہیم اشرف، عماد وسیم ، شاداب خان، کرس گرین، سلمان ارشاد اور سلمان مرزا نے ایک، ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔