پنجاب میں دیہی خواتین کیلئے 15 ہزار مزید مویشی تقسیم کئے جائینگے

اس منصوبے پر تقریباً ساڑھے 4 ارب روپے لاگت آئے گی۔ پنجاب حکومت

               
April 27, 2026 · شہر گزشت

پنجاب حکومت نے دیہی خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے مویشیوں کی تقسیم کے منصوبے کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت صوبے بھر میں مزید 15 ہزار گائیں اور بھینسیں فراہم کی جائیں گی۔
حکام کے مطابق اس منصوبے پر تقریباً ساڑھے 4 ارب روپے لاگت آئے گی، جبکہ مویشیوں کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر بیواؤں اور مطلقہ خواتین کو کی جائے گی۔
اعداد و شمار کے مطابق ڈی جی خان ڈویژن میں 6 ہزار 250، ملتان ڈویژن میں 5 ہزار جبکہ بہاولپور ڈویژن میں 3 ہزار 750 جانور تقسیم کیے جائیں گے۔ مظفرگڑھ، راجن پور، لیہ اور کوٹ ادو سمیت دیگر اضلاع میں فی ضلع 1250 مویشی دیے جائیں گے، جبکہ بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں بھی اسی تناسب سے تقسیم ہوگی۔
یہ عمل ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں قائم کمیٹیوں کے ذریعے مکمل کیا جائے گا تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس سے قبل 9 ہزار جانور تقسیم کیے جا چکے ہیں، جبکہ نئی سکیم کے تحت وہی خواتین اہل ہوں گی جنہوں نے پہلے کسی سرکاری پروگرام سے مویشی حاصل نہ کیے ہوں۔