پی ایس ایل 11: اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر پشاور زلمی فائنل میں پہنچ گئی

پشاور زلمی کے 222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 151 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ 

               
April 28, 2026 · اسپورٹس
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے کوالیفائر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ پشاور زلمی نے پانچویں مرتبہ ایونٹ کے فائنل کیلیے کوالیفائی کیا ہے۔ 

کراچی میں کھیلے جانے والے کوالیفائر میں پشاور زلمی کے 222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 151 رنز پر ڈھیر ہوگئی،کپتان بابر اعظم  کو عمدہ بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے۔

کپتان بابر اعظم نے پی ایس ایل میں اپنی چوتھی سنچری اسکور کی۔ وہ 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔

کوشل مینڈس 41، محمد حارث 35 اور ایرون ہارڈی 20 رنز بنا کر نمایاں ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے 3 وکٹیں لیں، رچرڈ گلیسن نے دو جبکہ سلمان مرزا اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ لی۔

ہدف کے تعاقب میں یونائیٹڈ کا آغاز جارحانہ رہا جہاں پہلی وکٹ پر ڈیون کونوے اور سمیر منہاس نے 58 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔

پانچویں اوور کے اختتام پر ڈیون کونوے 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اسلام آباد یونائیٹڈ کی باگ دوڑ سمیر منہاس کے ساتھ محمد محسن نے سنبھالی، تاہم سمیر کے 44 رنز اور محسن کے 25 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہونے کے بعد کوئی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی وکٹیں وقفے وقفے کے ساتھ گرتی رہیں، اختتامی لمحات میں عماد وسیم نے 22 رنز بنائے جو ٹیم کی جیت کیلئے ناکافی تھے۔

پشاور زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی نے 3، صفیان مقیم اور محمد باسط نے 2، 2 جبکہ خرم شہزاد نے ایک وکٹ لی۔