حیدرآباد نے ملتان سلطانز کو شکست دیکر فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا

حیدرآباد کنگزمین نے ملتان سلطانر کو 159 رنز تک محدود رکھا اور پھر ہدف 16ویں اوور میں بنا کسی پریشانی کے حاصل کرلیا۔ 

               
April 29, 2026 · اسپورٹس
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) الیون کے پہلے  ایلیمینیٹر میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے آؤٹ کردیا۔ کنگزمین ایلیمنیٹر 2 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے مدمقابل ہوں گے۔ 

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والا یہ میچ یکطرفہ ثابت ہوا جہاں آغاز سے اختتام تک حیدرآباد کنگزمین ہی چھائی رہی جس نے پہلے ملتان سلطانر کو 159 رنز تک محدود رکھا اور پھر ہدف 16ویں اوور میں بنا کسی پریشانی کے حاصل کرلیا۔

عثمان خان 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ معاذ صداقت نے 64 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ لبوشین نے 11 رنز بنائے جبکہ صائم ایوب 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔  ملتان سلطانز کے محمد اسماعیل اور اسٹیو اسمتھ نے ایک ایک وکٹ لی۔

قبل ازیں حیدرآباد کنگزمین نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔ تجربہ کار شان مسعود 69 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔

محمد نواز 18 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ صاحبزادہ فرحان نے 15 اور اسٹیو اسمتھ نے 13 رنز کی اننگز کھیلیں۔

حیدرآباد کنگزمین کی بولنگ شاندار رہی جہاں محمد علی، عاکف جاوید اور حنین شاہ نے دو دو جبکہ گلین میکسویل اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ لی۔

شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر حیدرآباد کنگزمین کے معاذ صداقت کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اب حیدرآباد کنگزمین ایلیمنیٹر 2 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا سامنا کرے گی اور اس میچ کی فاتح ٹیم پشاور زلمی کے خلاف فائنل کھیلے گی۔