پی ایس ایل 11: اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا کر حیدرآباد کنگزمین نے فائنل میں پہنچ گیا

حنین شاہ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا،فائنل اتوار کو پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین کے درمیان کھیلا جائے گا۔

               
May 1, 2026 · اسپورٹس
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) الیون کے ایلیمینیٹر ٹو میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد حیدرآباد کنگزمین نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 2 رنز سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

فائنل اتوار کو پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین کے درمیان کھیلا جائے گا۔

حیدرآباد کنگزمین کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے فاسٹ بولر حنین شاہ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، انہوں نے 4 اوورز میں37 رنز کے عوض 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔ آخری اوور میں جب اسلام آباد کو 6 رنز کی ضرورت تھی حنین نے صرف 4 رنز دیے۔

اہور کے قذافی اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے حیدرآباد کنگزمین کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگزمین نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز اسکور کیے۔

عثمان خان نے 61 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے شامل تھے۔ کپتان مارنوس لیبوشین 39، صائم ایوب 38 اور کوشال پریرا 37 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔ یوں کنگزمین نے یونائیٹڈ کو جیت کےلیے 187رنز کا ہدف دیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے عماد وسیم نے 2 جبکہ کرس گرین، رچرڈ گلیسن اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ 184 رنز بناسکی، مارک چیپمین نے 43، ڈیون کونوے نے 30، شاداب خان نے 22 اور کرس گرین نے21 رنز اسکور کیے۔

حیدرآباد کنگزمین کے حنین شاہ اور محمد علی نے دو، دو جبکہ حسان خان، صائم ایوب اور عاکف جاوید نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔