فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے لیے انعامی رقم کا اعلان کر دیا
ایونٹ کی تیاری کے لیے ہر ٹیم کو 25 لاکھ جبکہ کوالیفائی کرنے پر ایک کروڑ ڈالر ملیں گے۔
فائل فوٹو
زیورخ: فٹبال ورلڈ کپ 2026 ٹیموں کے لحاظ سے ہی نہیں بلکہ انعامی رقم کے لحاظ سے بھی اب تک کا سب سے بڑا ایونٹ ہے۔اس بار ایونٹ کیلئے فیفا نے 87 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی رقم مختص کی ہے جو گزشتہ ایونٹ کے مقابلے میں لگ بھگ دوگنی زیادہ ہے۔
ایونٹ کی تیاری کے لیے ہر ٹیم کو 25 لاکھ جبکہ کوالیفائی کرنے پر ایک کروڑ ڈالر ملیں گے، 2022 میں تیاریوں کے لیے 15 لاکھ اور کوالیفائی کرنے پر 90 لاکھ ڈالر دیے گئے تھے۔کوالیفائی کرنے پر ہی ہر ٹیم کو ایک کروڑ 25 لاکھ ڈالر دیئے جائیں گے ، مزید رقم ان کی کارکردگی کے مطابق دی جائے گی۔
ایونٹ کے فاتح کو 5 کروڑ 35 لاکھ ڈالر ،رنراپ ٹیم کو تین کروڑ65 لاکھ ڈالر ملیں گے۔ تیسری پوزیشن پر رہنے والی ٹیم کے حصے میں 3 کروڑ 25 لاکھ ڈالر جبکہ چوتھے نمبر کی ٹیم کو 3 کروڑ 5 لاکھ ڈالر کی رقم ملے گی۔5 سے 8 ویں پوزیشن پر رہنے والی ہر ٹیم کو 2 کروڑ 25 لاکھ، 9 سے 16 ویں نمبر پر رہنے والی ہر ٹیم کو ایک کروڑ 85 لاکھ ،17 سے 32 ویں پوزیشن پر رہنے والوں کو ایک کروڑ 45 لاکھ ، 33 سے 48 ویں نمبر پر رہنے والی ہر ٹیم ایک کروڑ 25 لاکھ ڈالر ملیں گے۔اس ایونٹ کے دوران مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ 2022 کے ایونٹ میں 64 میچز ہوئے تھے۔