سوات میں گاڑی کھائی میں گرنے سے 11افراد جاں بحق

گاڑی مالم جبہ کے علاقے سیر تلیگرام سے گناجیر کی طرف جا رہی تھی

May 11, 2026 · شہر گزشت

خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جہاں ایک گاڑی گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کا شکار گاڑی مالم جبہ کے علاقے سیر تلیگرام سے گناجیر کی طرف جا رہی تھی کہ گناجیر کے قریب اچانک بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔

حکام نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 11 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 5 زخمیوں کو فوری طور پر سیدو شریف اسپتال منتقل کیا گیا۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔