سلہٹ ٹیسٹ کا دوسرا روز، قومی ٹیم پہلی اننگز میں 232 رنز پرآؤٹ ,بنگلادیش کو 46 رنز کی برتری
بابر اعظم 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، ساجد خان نے 28 گیندوں پر 38 رنز کی اننگز کھیلی۔
فوٹو سوشل میڈیا
سلہٹ :بنگلادیش کے خلاف پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 232 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی، میزبان ٹیم کو پہلی اننگز میں 46 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔
پاکستان نے 21 رنز بغیر کسی نقصان کے ساتھ دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کیا مگر دونوں اوپنرز جلد ہی اپنے وکٹیں گنوا بیٹھے، اذان اویس 13 اور عبداللہ فضل 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
61 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی تیسری وکٹ بھی گر گئی، کپتان شان مسعود 21 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، بابر اعظم 68 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، سعود شکیل 8، سلمان آغا 21 اور محمد رضوان 13 رنز بناسکے۔
میچ کے پہلے روز بنگلادیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 278 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، لٹن داس نے 126 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
پاکستان کی طرف سے خرم شہزاد نے 4، محمد عباس نے 3، حسن علی نے 2 اور ساجد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی طرف سے اذان اویس اور عبداللہ فضل نے اننگز کا آغاز کیا، پہلے روز کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنالیے۔
قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستانی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، امام الحق، شاہین آفریدی اور نعمان علی کی جگہ بابر اعظم، خرم شہزاد اور ساجد خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں بنگلا دیش کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے، بنگلادیش نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 104 رنز سے شکست دی تھی۔