فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران مکمل

خطے میں امن و استحکام کیلئے مشاورتی عمل کو نتیجہ خیز معاہدے تک پہنچانے پرگفتگو ہوئی

May 24, 2026 · قومی

فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کر رہے ہیں۔ تصویر ایرانی وزارت خارجہ

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا مختصر نتیجہ خیز دورہ ایران مکمل ہوگیا اس دوران ایران کی اعلیٰ قیادت سے تفصیلی و تعمیری ملاقاتیں کی گئیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران آمد پر ایرانی وزیر داخلہ اور اعلیٰ سول عسکری حکام نے استقبال کیا تھا، انہوں نے ثالثی کوششوں کے طور پر ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کیں جبکہ دورہ علاقائی کشیدگی میں کمی کے لیے مفاہمت کو فروغ دینے کے لیے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، ایرانی اسپیکر، وزیر خارجہ اور داخلہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مشاورتی عمل کو نتیجہ خیز معاہدے تک پہنچانے پر گفتگو ہوئی، ملاقاتیں مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئیں، علاقائی کشیدگی پر اہم مشاورت، امن و استحکام کے لیے مذاکراتی عمل تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے کے دوران انتہائی اہم مذاکرات میں حوصلہ افزا پیشرفت ہوئی ہے، انتہائی اہم مذاکرات میں حتمی سمجھوتے کی جانب مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔

علاوہ ازیں ایرانی قیادت نے علاقائی مسائل کے پرامن حل میں پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو سراہا ہے۔