مریم نواز کا یومِ تکبیر پر خراجِ تحسین، نواز شریف کو عظیم قائد قرار دے دیا

10 مئی ہو یا 28 مئی، پاکستانی قوم آج بھی مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے جرات مندانہ فیصلوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے

May 28, 2026 · اہم خبریں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ محمد نواز شریف بکے نہیں اور نہ ہی جھکے ہیں، وہ ایک عظیم شخصیت ہیں اور ان کی بیٹی ہونے پر انہیں فخر ہے۔

اپنے خصوصی بیان میں انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر کے موقع پر وہ پوری پاکستانی قوم اور امتِ مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وطن کے دفاع کے لیے ایٹمی پروگرام کی تکمیل میں کردار ادا کرنے والی پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا جانا چاہیے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کو عالمِ اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بنانے کا سہرا محمد نواز شریف کے سر ہے۔ ان کے مطابق یہ دن پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری مسلم دنیا کے لیے بھی فخر کا باعث ہے کیونکہ ایٹمی پروگرام ملک کے مضبوط دفاع کی علامت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 10 مئی ہو یا 28 مئی، پاکستانی قوم آج بھی مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے جرات مندانہ فیصلوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے دفاع کو مضبوط بنانے کے بعد اب ہدف پاکستان کو معاشی طور پر بھی ناقابلِ تسخیر بنانا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آج کے دن ہمیں اتحاد، یکجہتی، محنت، حوصلے اور برداشت کو اپناتے ہوئے آگے بڑھنے کے عہد کی تجدید کرنی چاہیے۔