ووٹرز کی خواہشات پر عمل درآمد کرائیں گے،نیتن یاہو کے حریف کا اعلان
ابتدائی ایگزٹ پولز میں آئزن کوٹ کے اتحاد کو نیتن یاہو کے اتحاد پر معمولی برتری حاصل دکھائی گئی تھی
ووٹرز کی خواہشات پر عمل درآمد کرائیں گے،نیتن یاہو کے حریف کا اعلان
تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے اہم سیاسی حریف گادی آئزن کوٹ نے انتخابی نتائج کی گنتی کے دوران اسرائیل میں سیاسی تبدیلی لانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں آئزن کوٹ نے کہا کہ وہ ووٹرز کی خواہشات کو عملی شکل دینے کے لیے ملاقاتوں، مشاورت اور آئندہ کے لائحہ عمل کی تیاری میں مصروف ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں جدوجہد کا ایک طویل مرحلہ درپیش ہوگا، تاہم ان کی توجہ اسرائیل میں تبدیلی لانے اور لازمی فوجی بھرتی کے قانون پر عمل درآمد یقینی بنانے والی حکومت کے قیام پر مرکوز ہے۔
ابتدائی ایگزٹ پولز میں آئزن کوٹ کے اتحاد کو نیتن یاہو کے اتحاد پر معمولی برتری حاصل دکھائی گئی تھی۔ اس موقع پر آئزن کوٹ نے کہا تھا کہ اسرائیلی عوام نے تبدیلی کے حق میں ووٹ دیا ہے، تاہم انہوں نے اپنی واضح کامیابی کا اعلان نہیں کیا۔
تازہ انتخابی تخمینوں کے مطابق نیتن یاہو کے اتحاد کو 53 نشستیں ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جو سبکدوش ہونے والی پارلیمان میں حاصل 68 نشستوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہیں۔
دوسری جانب گادی آئزن کوٹ کے اتحاد کو 48 نشستیں ملنے کی توقع ہے، جبکہ عرب جماعتوں کو مجموعی طور پر 19 نشستیں حاصل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ انتخابی نتائج کی حتمی صورت حال سامنے آنے کے بعد اسرائیل میں نئی حکومت کی تشکیل سے متعلق سیاسی مشاورت اہم مرحلہ اختیار کرسکتی ہے۔