امریکا اور چین دونوں کے ساتھ پاکستان کے مضبوط تعلقات ہیں: اسحاق ڈار
کامیاب سفارتکاری کا تقاضا یہی ہے کہ پاکستان کے امریکا اور چین دونوں کے ساتھ بہترین تعلقات ہوں۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب سفارتکاری کا تقاضا یہی ہے کہ پاکستان کے امریکا اور چین دونوں کے ساتھ بہترین تعلقات ہوں۔
نیویارک میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پانچ نکاتی ایجنڈے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے کھل کر پاکستان کی پالیسی کی حمایت کی ہے اور پاک چین دوستی ہر آزمائش میں مضبوط ثابت ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پالیسی تمام عالمی طاقتوں کے ساتھ متوازن اور مثبت تعلقات قائم رکھنے کی ہے۔ وزیر خارجہ نے بتایا کہ وہ آج واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے بھی ملاقات کریں گے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کی جانب سے عرب، اسلامی اور یورپی ممالک کے سفیروں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، جس میں اسحاق ڈار نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے دوران مشرق وسطیٰ خصوصاً فلسطین کی موجودہ صورتحال اور خطے میں امن کے قیام کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے بھی ملاقات کی، جس میں سلامتی کونسل میں اصلاحات، مقبوضہ جموں و کشمیر، افغانستان اور فلسطین کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر انتونیو گوتیرس نے عالمی امن اور سلامتی کے لیے پاکستان کے فعال کردار کو سراہا۔