محسن نقوی اور سعودی وزیر داخلہ کی ملاقات،سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

May 28, 2026 · اہم خبریں

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود سے اہم ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور سیکیورٹی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سعودی وزیر داخلہ نے محسن نقوی کو فریضہ حج کی ادائیگی پر بھی مبارکباد دی۔

گفتگو میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کے اسپیشل ڈپلومیٹک پروٹیکشن یونٹ کے 200 اہلکاروں کو سعودی عرب میں خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ سعودی وزارت داخلہ کا ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی جلد پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

محسن نقوی نے حج کے دوران سعودی حکومت کی جانب سے کیے گئے بہترین انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عازمین کو فراہم کی گئی سہولیات قابل تعریف ہیں۔

ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سعودی وزیر داخلہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کی تعریف بھی کی۔