بجٹ میں عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے،وزیرخزانہ
اس بار بجٹ میں ٹیکسوں میں اضافے کے بجائے ٹیکس انفورسمنٹ اور کمپلائنس بہتر بنانے پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں حکومت کی کوشش ہے کہ عوام پر کم سے کم مالی بوجھ ڈالا جائے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس بار بجٹ میں ٹیکسوں میں اضافے کے بجائے ٹیکس انفورسمنٹ اور کمپلائنس بہتر بنانے پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق حکومت مہنگائی میں کمی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے اور معاشی استحکام کے لیے مختلف اصلاحات پر کام جاری ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی سطح پر کامیابیوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور حکومت خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے فعال کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ تنقید برائے تنقید کے بجائے ملک کی معاشی بہتری اور استحکام کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے زرعی شعبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے گندم کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔ ان کے مطابق بعض کاشتکاروں نے 60 سے 70 من فی ایکڑ تک پیداوار حاصل کی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بہتر طریقوں سے زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زرعی پیداوار میں اضافہ ہونے سے پاکستان کی برآمدات کے امکانات بھی بڑھ سکتے ہیں۔
محمد اورنگزیب نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف زرعی شعبے کو درپیش مسائل سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔