ایران کا کویت پر بیلسٹک میزائل حملہ، امریکا کا ناکام بنانے کا دعویٰ
امریکی افواج اور خطے میں موجود اتحادی ممالک صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور اپنے مفادات و فورسز کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔سینٹ کام
امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے کویت پر داغا گیا بیلسٹک میزائل ناکام بنا دیا گیا۔ امریکی حکام نے اس کارروائی کو جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
امریکی سینٹ کام کے مطابق ایران نے کویت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم کویتی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے میزائل کو تباہ کر دیا۔
امریکی بیان میں کہا گیا کہ اس سے قبل بھی ایرانی فورسز کی جانب سے آبنائے ہرمز کے قریب ڈرون سرگرمیاں دیکھی گئیں، جنہیں امریکی فورسز نے ناکارہ بنا دیا۔ حکام کے مطابق بندر عباس سے لانچ کیے گئے ایک اور ڈرون کو بھی راستے میں روک لیا گیا۔
سینٹ کام نے کہا کہ امریکی افواج اور خطے میں موجود اتحادی ممالک صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور اپنے مفادات و فورسز کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب سعودی عرب نے کویت پر میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کویت کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی کارروائی کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔