گلگت بلتستان کو ہم نو گو ایریا نہیں بننے دیں گے،سہیل آفریدی

وہاں کے لوگ مہمان نواز ہیں، اپنے مہمانوں کی اس بے عزتی کا بدلہ الیکشن میں ووٹ کے ذریعے لیں گے،ایکس پر بیان

May 29, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے اگر ہمارے پارلیمنٹیرینز کو جلد رہا نہیں کیا گیا تو گلگت بلتستان کی کٹھ پتلی حکومت اور جو وہاں پر جعلی حکومت بنانے کیلئے سرگرم ہیں اُن سے اپنے پارلیمینٹیرین کے ساتھ ناروا سلوک کے بارے میں سوال کرنے وہاں پر خود جاؤں گا۔

اپنےایکس بیان میں انہوں نے کہا یہ رویے پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ایسے رویوں سے نفرتیں بڑھ رہی ہیں۔ ایسے اقدامات تقسیم پیدا کرتے ہیں۔ جن کا کام عوامی مینڈیٹ کی حفاظت ہے وہ ہمیشہ پاکستانیوں کے مینڈیٹ پر ڈھاکہ ڈالتے ہیں۔الیکشن میں لیول پلینگ فیلڈ نا دینے اور زور زبردستی، ظلم و جبر سے عمران خان صاحب کی پارٹی کو مائنس کرنے سے جمہوری نظام کو تباہ کیا جا رہا ہے۔

سہیل آفریدی نے کہاکہ وزیراعلی گلگت بلتستان میرے کال کا جواب نہیں دے رہے۔ یہ رویہ غیر جمہوری اور غیر سیاسی ہے۔ گلگت بلتستان کو ہم نو گو ایریا نہیں بننے دیں گے۔ گلگت بلتستان غیرتمند لوگوں کا ہے۔ وہاں کے لوگ مہمان نواز ہیں۔ وہ اپنے مہمانوں کی اس بے عزتی کا بدلہ الیکشن میں ووٹ کے ذریعے لیں گے۔