گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات، نواز شریف نے انتخابی مہم کی ذمے داری خواجہ سعد رفیق کو سونپ دی

وہ اسکردو کے بعد گلگت، ہنزہ اور نگر سمیت دیگر تمام اہم اضلاع اور حلقوں کا بھی دورہ کریں گے اور متعدد انتخابی جلسوں اور کارنر میٹنگز سے خطاب کریں گے۔

May 31, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: گلگت بلتستان اسمبلی کے 7 جون کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں اور مسلم لیگ (ن) نے بھی اپنی انتخابی مہم کو تیز کر دیا ہے۔ قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف نے گلگت بلتستان میں پارٹی کی انتخابی مہم چلانے کی اہم ذمہ داری سینیئر رہنما خواجہ سعد رفیق کو سونپ دی ہے۔

خواجہ سعد رفیق سکردو میں مسلم لیگ (ن) کے پہلے بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے باقاعدہ مہم کا آغاز کریں گے۔ قائد ن لیگ کی خصوصی ہدایت پر وہ اسکردو کے بعد گلگت، ہنزہ اور نگر سمیت دیگر تمام اہم اضلاع اور حلقوں کا بھی دورہ کریں گے اور متعدد انتخابی جلسوں اور کارنر میٹنگز سے خطاب کریں گے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اپنی انتخابی مہم کے دوران گلگت بلتستان کے مقامی مسائل، نوجوانوں کے لیے روزگار اور خطے کے ترقیاتی ایجنڈے کو بھرپور انداز میں اجاگر کرے گی۔

دوسری جانب سیاسی حلقوں میں یہ امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انتخابی مہم کے آخری دنوں میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف خود بھی گلگت بلتستان کا دورہ کر سکتے ہیں جہاں وہ بڑے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ واضح رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے لیے پولینگ 7 جون کو ہوگی، جس کے لیے تمام سیاسی جماعتوں نے اپنی صف بندیاں مکمل کر لی ہیں۔