لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کی پیشگوئی
بارشوں کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور واسا حکام کو پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
لاہور: مغربی ہواؤں کے زیرِ اثر بننے والا موسمی نظام پاکستان میں داخل ہوگیا ہے، جس کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور اور وسطی پنجاب میں آج موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور ہلکی بارش ہونے کی توقع ہے۔
موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا یہ سلسلہ 3 جون تک پنجاب کے مختلف شہروں کو متاثر کر سکتا ہے، جس کے دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش بھی متوقع ہے۔
ممکنہ بارشوں کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور واسا حکام کو پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے بھی آپریشنل عملے کو بارش کے دوران فیلڈ میں موجود رہنے اور نکاسی آب کے انتظامات مؤثر بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔