پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں دو سیاحوں کا تعلق پشاور ،چار افراد کا تعلق پنجاب سے ہے لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
فیری میڈوز جاتے سیاحوں کی گاڑی حادثے کا شکار،7 جاں بحق
چلاس کے مقام پر کھائی میں گرنے سے ہلاکتیں، 4کا تعلق پنجاب سے ہے۔ حکام
فائل فوٹو
گلگت بلتستان کے مشہور سیاحتی مقام فیری میڈوز جانے والی سیاحوں کی گاڑی خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ چلاس کے علاقے میں پیش آیا جہاں سیاحوں کو لے جانے والی گاڑی گہری کھائی میں جا گری۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو اہلکار اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں 7 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
جاں بحق ہونے والوں میں گاڑی کے ڈرائیور کی شناخت ضیاء اللہ (ساکن داریل دیامر) کے نام سے ہوئی ہے۔
سیاحوں میں علی اور سجاد کی شناخت ہوئی ہے۔ دیگر افراد کی شناخت اور ان کے آبائی علاقوں سے متعلق معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دشوار گزار پہاڑی راستے اور گاڑی کے بے قابو ہونے کو حادثے کی ممکنہ وجوہات قرار دیا جا رہا ہے، تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔