شدید آندھی سے موٹروے ایم5 پر بجلی کی تاریں گر گئیں، روہڑی سے رحیم یار خان تک ٹریفک بند

ٹریفک کو متبادل راستے فراہم ، واقعے کے فوراً بعد میپکو حکام کو مطلع کر دیا گیا، ترجمان سنٹرل ریجن

June 1, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

رحیم یار خان / روہڑی: ملک کے مختلف حصوں میں چلنے والی شدید آندھی اور طوفانی ہواؤں کے باعث موٹروے ایم-5 پر ہائی ٹرانسمیشن بجلی کی تاریں سڑک پر گر گئیں۔ واقعے کے بعد مسافروں کی حفاظت کے پیشِ نظر روہڑی سے رحیم یار خان تک موٹروے پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق موٹروے ایم-5 پر مقام 510 ساؤتھ باؤنڈ اور نارتھ باؤنڈ پر بجلی کی تاریں گرنے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔ صورتحال کو سنبھالتے ہوئے موٹروے پولیس نے روہڑی اور پنوں عاقل سے شمالی سمت جانے والی تمام ہیوی اور پبلک سروس گاڑیوں کا داخلہ روک دیا ہے اور مسافروں کی حفاظت کے لیے ٹریفک کو متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کر دیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس کی جانب سے اقبال آباد اور گڈو کے مقامات سے ٹریفک کو متبادل راستوں کے ذریعے گزارا جا رہا ہے۔ ترجمان نے مسافروں کی رہنمائی کے لیے درج ذیل متبادل راستے جاری کیے ہیں، گاڑی مالکان اقبال آباد سے بذریعہ رحیم یار خان قومی شاہراہ (این-5) استعمال کر سکتے ہیں۔ رحیم یار خان سے قومی شاہراہ (این-5) کے ذریعے سفر کر کے موٹروے ایم-5 پر دوبارہ داخل ہو سکتے ہیں۔

واقعے کے فوراً بعد میپکو حکام کو مطلع کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ان کی مرمتی ٹیمیں موقع پر روانہ ہو چکی ہیں۔ اس کے علاوہ فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن کے حکام کو بھی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ مشترکہ کوششوں سے سڑک کو جلد صاف کیا جا سکے۔

موٹروے پولیس کے سیکٹر کمانڈر غلام قادر سندھو اور پٹرولنگ موبائل ٹیمیں اس وقت موقع پر موجود ہیں اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے سمیت امدادی کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ موسمی صورتحال کے پیشِ نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر کے دوران موٹروے پولیس کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ ایم-5 پر بجلی کی تاریں ہٹانے اور ٹریفک کی مکمل بحالی کے لیے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔