شیخ رشید احمد کا 50 سال بعد دوبارہ وکالت شروع کرنے کا فیصلہ

پنجاب بار کونسل میں وکالت کے لائسنس کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے باقاعدہ درخواست جمع کروا دی۔

June 2, 2026 · اہم خبریں, قومی

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سینیئر سیاستدان شیخ رشید احمد نے 50 سال بعد ایک بار پھر کالا کوٹ پہننے کا فیصلہ کر لیا۔ انہوں نے باقاعدہ طور پر وکالت شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے لائسنس کی بحالی کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، اپنے منفرد سیاسی انداز اور شعلہ بیاں گفتگو کے لیے معروف مقتدر سیاستدان شیخ رشید احمد نے اب سیاسی میدان کے ساتھ ساتھ قانونی محاذ پر بھی متحرک ہونے کی تیاری کر لی ہے۔ انہوں نے پنجاب بار کونسل میں اپنے وکالت کے لائسنس کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے باقاعدہ درخواست جمع کروا دی ہے۔

شیخ رشید احمد تقریباً 50 برس قبل وکالت کے شعبے سے وابستہ تھے، جس کے بعد وہ کل وقتی سیاست میں آ گئے اور ملک کے اہم ترین عہدوں پر فائز رہے۔ انہوں نے پنجاب بار کونسل کو لکھی گئی درخواست میں استدعا کی ہے کہ ان کا معطل شدہ لائسنس فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ وہ باقاعدہ پریکٹس شروع کر سکیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لائسنس بحال ہوتے ہی شیخ رشید احمد اپنی مشہورِ زمانہ رہائش گاہ “لال حویلی” میں اپنا قانونی چیمبر قائم کریں گے، جہاں وہ سائلین کے مقدمات لڑیں گے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اس فیصلے کے بعد نہ صرف عدالتوں میں قانونی جنگ لڑیں گے، بلکہ ایسے غریب اور بے بس قیدی جو فیسیں ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتے، ان کے مقدمات کی پیروی بالکل مفت کریں گے۔