اٹلی:4 پاکستانیوں کو وین میں بند کرکے زندہ جلادیا گیا

وحشیانہ قتل کے الزام میں 2 پاکستانی گرفتار ،اطالوی حکام سے رابطے میں ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

June 2, 2026 · اہم خبریں, قومی
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

روم: اٹلی کے جنوبی علاقے میں 4 پاکستانی مزدوروں کو ایک منی وین کے اندر مبینہ طور پر زندہ جلا کر قتل کر دیا گیا۔ اطالوی پولیس نے اس وحشیانہ قتل کے الزام میں 2 پاکستانی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔

اطالوی اخبار کوریئر ڈیلا سیرا کے حوالے سے رپورٹ کیا گیا ہے کہ اٹلی کے جنوبی علاقے کلابریا میں ایک پیٹرول پمپ کے قریب ایک جلی ہوئی منی وین سے 4پاکستانی کارکنان کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

اطالوی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ان مقتولین کے قتل کے شبہے میں 2 پاکستانی باشندوں کو حراست میں لے لیا، اطالوی پولیس نے گرفتار دونوں پاکستانی ملزمان کو ریمانڈ پر لے کر ان سے تفتیش شروع کر دی تاکہ اس گینگ اور دیگر سہولت کاروں کا پتہ لگایا جا سکے۔

یہ ہولناک واقعہ کلابریا کے ایک وسیع زرعی علاقے میں واقع گائوں امینڈولارا کے قریب ایک پیٹرول اسٹیشن پر پیش آیا۔

پیٹرول پمپ پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی تصاویر نے اس سفاکیت کو بے نقاب کیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوٹیج میں دیکھا کہ 2افراد نے باہر سے منی وین کے دروازوں کو بلاک کر دیا تاکہ اندر موجود لوگ باہر نہ نکل سکیں۔

معلوم ہوا ہے کہ دروازے بند کرنے کے بعد ان افراد نے گاڑی کے اندر کوئی آتش گیر مائع پٹرول یا کیمیکل پھینکا، مائع پھینکتے ہی گاڑی میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی اور دونوں ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔

فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر جب آگ پر قابو پایا تو گاڑی کے اندر سے چاروں پاکستانیوں کی جھلسی ہوئی لاشیں برآمد ہوئیں، مقامی پولیس چیف انتونیو بوریلی نے تصدیق کی کہ یہ یقینی طور پر قتل کا معاملہ ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق اگرچہ ابتدائی رپورٹس میں ہلاک ہونے والے افراد کو پاکستانی بتایا گیا ہے تاہم مقتولین کی قومیت کے حوالے سے ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا، اطالوی حکام سے رابطے میں ہیں۔

 اطالوی پولیس معاملے کی گہرائی سے تفتیش کر رہی ہے اور لاشوں کا فورنزک آڈٹ / ڈی این اے ٹیسٹ کیا جا رہا ہے تاکہ ان کی اصل شناخت معلوم ہو سکے۔

مقامی پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے اور فورنزک ٹیمیں لاشوں کی شناخت کے عمل میں مصروف ہیں۔ جیسے ہی اطالوی حکام کی جانب سے باقاعدہ تصدیق ہوگی، میڈیا کو آگاہ کر دیا جائے گا۔”

اطالوی میڈیا، خصوصاً مشہور روزنامے نے رپورٹ کیا تھا کہ مقامی پولیس نے ان چاروں فارم ورکرز (کاشتکاروں) کے قتل کے شبہے میں دو پاکستانی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ مقتولین کی لاشیں ایک جلی ہوئی گاڑی (منی وین) سے برآمد ہوئی تھیں۔