محمد اورنگزیب کی عالمی بینک کے وفد سے ملاقات،تعلیم اور صحت پر تعاون بڑھانے کا عزم

فریقین نے پاکستان میں انسانی ترقی کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت پر اتفاق کیا

June 3, 2026 · اہم خبریں

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب سے عالمی بینک کے وفد نے ملاقات کی، جس میں انسانی ترقی اور معاشی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق وفد کی قیادت عالمی بینک کی نائب صدر مامتا مورتھی نے کی۔ ملاقات کے دوران صحت، تعلیم، ہنرمندی، سماجی تحفظ اور روزگار کے مواقع میں اضافے سمیت مختلف امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

فریقین نے پاکستان میں انسانی ترقی کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت پر اتفاق کیا اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے انسانی وسائل میں سرمایہ کاری بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فنی اور پیشہ ورانہ تربیت کے پروگراموں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ڈھالنا ضروری ہے، جبکہ نجی شعبے کی شمولیت سے ہنرمندی کے فروغ کے پروگرام مزید مؤثر بنائے جا سکتے ہیں۔

ملاقات میں بچوں میں غذائی قلت اور نشوونما سے متعلق مسائل، معیاری صحت و تعلیم تک رسائی اور سماجی تحفظ کے نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فریقین نے مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے تعلیم، ہنرمندی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق عالمی بینک نے پاکستان کو یونیورسل ہیلتھ کوریج فورم میں شرکت کی دعوت دی، جبکہ دونوں جانب سے مختلف ترقیاتی شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔