خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیوں میں 4 دہشت گرد ہلاک
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ کارروائیاں 3 اور 4 جون کی درمیانی رات کی گئیں۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان اور مہمند میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات پر مبنی دو کامیاب آپریشنز کرتے ہوئے ‘فتنة الخوارج’ کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ کارروائیاں 3 اور 4 جون کی درمیانی رات کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلا آپریشن ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی پشت پناہی حاصل کرنے والے فتنة الخوارج کے 2 دہشت گرد مارے گئے۔
دوسری کارروائی مہمند الائنز (مہمند ضلع) میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے مہارت اور حکمت عملی سے کارروائی کرتے ہوئے مزید 2 خارجیوں کو جہنم واصل کر دیا۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں سرگرم رہے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کی فیڈرل ایپکس کمیٹی کی منظوری کے بعد وژن “عزمِ استحکام” کے تحت ملک بھر میں دہشت گردی کے خاتمے کی مہم پوری طاقت سے جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور دونوں علاقوں میں دیگر خارجیوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن (تلاشی) آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔