انتشار پھیلانے والوں سے اب کوئی بات نہیں ہوگی،وزیراعظم آزاد کشمیر

دھرنوں، جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کرنے والے عناصر طالبان خارجیوں کے حامی ہیں،فیصل ممتاز راٹھور

June 6, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

مظفر آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ سیاست کے نام پر انتشار پھیلانے والوں سے اب کسی قسم کی بات نہیں ہوگی۔

ایک بیان میں فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ بخوبی اندازہ ہے ریاست میں انتشار پھیلانے والے عناصر کو اصل تکلیف کس بات کی ہے، مخصوص سیاسی جتھے اور ٹرولز آزاد کشمیر میں افراتفری پھیلانے پر تلے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھرنوں، جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کرنے والے عناصر طالبان خارجیوں کے حامی ہیں، سیاست کے نام پر انتشار پھیلانےوالوں سے اب کسی قسم کی بات نہیں ہوگی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ماضی میں ہونے والے تمام مذاکرات کا گواہ ہوں، غیر سیاسی اور غیر پارلیمانی گروپ نے بارہا کوششوں کے باوجود مذاکرات کی میز پر آنے سے انکار کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایکشن کمیٹی کے لیڈروں کے بیانات ریکارڈ پر ہیں، وہ ریاست پر دھاوا بولنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، ریاست پرامن احتجاج کا حق دیتی ہے لیکن بلیک میلنگ کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔

فیصل ممتاز راٹھور نے یہ بھی کہا کہ آزاد کشمیر انسانی و سیاسی حقوق اور مراعات میں پاکستان کے چاروں صوبوں سے کہیں آگے ہیں، بجلی اور آٹے کی سستی قیمتوں کی مثال دیکھ کر منافقین کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔