مریم نواز باکو میں روٹیاں لگا سکتی ہیں تو خیبر پختونخوا کو گندم کیوں نہیں دیتیں؟فیصل کریم کنڈی

گندم پر پابندی آئین کی خلاف ورزی ہے پنجاب سے گندم لانا سونے کے بسکٹ لانے سے بھی مشکل کام ہے ، میڈیا سے گفتگو

June 6, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور:گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مریم نواز باکو میں روٹیاں لگا سکتی ہیں تو کے پی کے کو گندم کیوں نہیں دے سکتیں؟

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی  کا کہنا تھا کہ صوبے کے حقوق کے لیے وزیراعلیٰ ہاؤس اور گورنر ہاؤس مل کر کام کریں گے۔ہمیشہ کہتا ہوں کہ وفاق اور صوبے کے درمیان پل کا کردار ادا کروں گا۔ صوبے کو وفاق میں جو بھی مشکلات بھی درپیش ہوں گی، اس کے لیے کوشش کروں گا۔ صوبے کے مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں گروپ بندی، اُن کا معاملہ ہے، پہلے بھی وزیراعلیٰ تبدیل کر چکے ہیں۔ اپوزیشن کی تعداد زیادہ ہے جو گروپ بنا ہے، تاہم ابھی کوئی بھی بات قبل از وقت ہوگی۔ گلگت میں رزلٹ بتائے گا کہ کون اکثریت میں ہے ۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گندم پر پابندی آئین کی خلاف ورزی ہے پنجاب سے گندم لانا سونے کے بسکٹ لانے سے بھی مشکل کام ہے۔ وزیراعظم شہباز اسپیڈ استعمال کرتے ہوئے یہ ایشو حل کرائیں یا سندھ سے گندم منگوانے میں رکاوٹیں دور کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز باکو میں روٹیاں لگا سکتی ہیں تو خیبر پختونخوا کو گندم کیوں نہیں دے سکتیں؟۔

گورنر کے پی کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے کیپٹن صفدر کا تعلق اسی صوبے سے ہے، انہیں اس صوبے کے عوام کے لیے آواز اٹھانی چاہیے۔