شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 27 دہشتگرد مارے گئے

کارروائی میران شاہ کے مختلف علاقوں میں کی گئی جہاں شدت پسند عناصر کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی

June 7, 2026 · اہم خبریں

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 27 دہشتگرد مارے گئے

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 27 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کارروائی میران شاہ کے مختلف علاقوں میں کی گئی جہاں شدت پسند عناصر کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جس کے نتیجے میں گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 27 دہشتگرد مارے گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا جبکہ ہلاک ہونے والوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ حکام کے مطابق مارے گئے افراد مختلف دہشتگرد حملوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

فوجی حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے ذریعے میران شاہ میں معروف سماجی و قبائلی شخصیت ملک سیف اللہ داوڑ کے قتل میں ملوث عناصر کو بھی انجام تک پہنچایا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر شدت پسند عناصر کی تلاش اور خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔

حکام کے مطابق قومی سلامتی کے لیے منظور کردہ انسدادِ دہشتگردی حکمت عملی کے تحت ریاستی ادارے دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف اپنی کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھیں گے۔