جی بی انتخابات:پی پی کی کامیابی،وزیراعظم کی قیادت کو مبارکباد

گلگت بلتستان میں شفاف، پرامن اور بھرپور سیاسی سرگرمیوں کے ساتھ انتخابات کا انعقاد خوش آئند ہے

June 8, 2026 · اہم خبریں

اسلام آباد: گلگت بلتستان میں ہونے والے حالیہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی کے بعد سیاسی حلقوں میں ردعمل سامنے آ گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان میں شفاف، پرامن اور بھرپور سیاسی سرگرمیوں کے ساتھ انتخابات کا انعقاد خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اکثریتی سیاسی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے جو ان کی انتخابی کامیابی کا مظہر ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی ٹیم نے بھرپور محنت اور بہتر مقابلہ کیا۔ انہوں نے تمام کامیاب امیدواروں کو بھی مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت جمہوریت کے فروغ کی علامت ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے شفاف اور غیر جانبدارانہ عمل کو یقینی بنایا، جو قابل تحسین ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے پرامن انتخابی عمل کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل میں پرامن اور شفاف انتخابات کا انعقاد ملک کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔