پیپلزپارٹی نے بجٹ منظور کروانے کے لیے گرین سگنل دے دیا

صدر اور وزیراعظم کی ملاقات، حکومت اور پی پی نے ایک دوسرے کی بیشتر بجٹ تجاویز سے اتفاق کرلیا

June 8, 2026 · اہم خبریں, قومی

فوٹو ریلیز

اسلام آباد: وزیراعظم  شہباز شریف کی صدر آصف زرداری سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں حکومتی ٹیم نے ایوان صدر میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور وزارت خزانہ کے حکام وزیراعظم کے ساتھ موجود تھے۔

ایوان صدر آمد پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا، بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی کے وفد کی قیادت کی، ملاقات میں وفاقی بجٹ سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق حکومت اور پیپلز پارٹی نے ایک دوسرےکی بیشتر بجٹ تجاویز سے اتفاق کرلیا ہے اور ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے بجٹ منظور کروانے کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بعض قابل عمل نکات پر تکنیکی کمیٹیاں  مشاورت جاری رکھیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نےگلگت بلتستان الیکشن میں کامیابی پر صدر زرداری کو مبارک باد دی اور مسکراتے ہوئے کہا کہ نوجوان بلاول نے ہم سے بہتر انتخابی مہم چلائی۔ ذرائع کے مطابق صدر آصف زرداری نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ آخر بیٹا کس کا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر بھی ملاقات میں شریک ہوئے، ملاقات میں آزادکشمیر کی حالیہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔