بھارت میں دلہن کے ڈانس پر دلہے کے والد نے شادی منسوخ کردی

شادی ہال میں دلہن کی انٹری پر تنازع، بارات واپس لوٹ گئی

June 9, 2026 · بام دنیا, چشم حیرت

فوٹو: اسکرین گریب

بھارتی ریاست ہریانہ میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جہاں دلہے کے والد نے دلہن کے سرعام ڈانس پر شادی ہی ختم کردی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دلہا اور دلہن والوں کے درمیان تنازع اس وقت شروع ہوا جب سسرالیوں کو بہو کی انٹری پسند نہ آئی۔ دلہن شادی ہال میں بھرپور انداز میں ڈانس کرتے ہوئے داخل ہوئی تھی جس پر دلہے کے والد اور بڑے بھائی کو غصہ آگیا۔

رپورٹ کے مطابق دلہے کے والد اور بڑے بھائی کی لڑکی والوں سے بحث ہوئی، جس کے بعد دلہے کے والد نے شادی منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تنازع کے بعد باراتی شادی ہال چھوڑ کر واپس چلے گئے۔

دلہن کی انٹری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جہاں صارفین اس واقعے پر مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔

کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ دلہن کے ڈانس میں کوئی مضائقہ نہیں تھا، جبکہ بعض کا مؤقف ہے کہ اگر اس حوالے سے تحفظات موجود تھے تو لڑکے والوں کو پہلے ہی تمام معاملات طے کر لینے چاہیے تھے۔

دوسری جانب بعض سوشل میڈیا صارفین نے دلہن کے ڈانس اسٹیپس کو نامناسب بھی قرار دیا۔