ایران نے امریکا کا اپاچی ہیلی کاپٹر مار گرایا، ٹرمپ کا جوابی کارروائی کا اعلان
دونوں پائلٹس کو پانی سے بحفاظت نکال کر طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا، حالت مستحکم بتائی جاتی ہے ۔امریکی فوج
فائل فوٹو
واشنگٹن / مسقط: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز کے قریب گشت پر مامور امریکی فوج کے ایک انتہائی جدید ‘اپاچی ہیلی کاپٹر’ کو مار گرایا ہے۔ امریکی صدر نے اس حملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایران کو سخت جوابی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مجھے ابھی ہماری عظیم فوج کی جانب سے مطلع کیا گیا ہے کہ گزشتہ رات ایرانیوں نے آبنائے ہرمز پر پیٹرولنگ کے دوران ہمارے ایک انتہائی جدید اپاچی ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنا کر مار گرایا۔ ہیلی کاپٹر میں 2 پائلٹس سوار تھے ، خوش قسمتی سے وہ دونوں محفوظ اور حالت مستحکم ہے ۔
امریکی صدر نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے مزید کہا کہ پائلٹس کی سلامتی کے باوجود، امریکہ اس جارحانہ حملے کو نظر انداز نہیں کر سکتا اور ضرورت کے تحت اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ اور دفاعی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ عمان کی ساحلی پٹی کے قریب پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر گرنے کے فوراً بعد بحرین میں تعینات امریکی پانچویں بیڑے کے خصوصی ونگ ‘ٹاسک فورس 59’ نے ایک تاریخی آپریشن کیا۔ امریکی تاریخ میں پہلی بار سمندری ڈرون کا استعمال کرتے ہوئے دونوں پائلٹس کو پانی سے بحفاظت نکال کر طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے ۔