ریاست کشمیری عوام کے سیاسی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی، خواجہ آصف

کچھ عناصر جمہوری اور انتخابی راستہ اختیار کرنے کے بجائے تشدد کا راستہ اپنانا چاہتے ہیں۔

June 10, 2026 · اہم خبریں

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کو اپنی سیاسی رائے کے اظہار اور جمہوری عمل میں حصہ لینے کا مکمل حق حاصل ہے، اور ریاست اس حق کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعات میں سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا اور بعض مقامات پر لاشوں کی بے حرمتی جیسے واقعات بھی سامنے آئے، جو اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ کچھ عناصر جمہوری اور انتخابی راستہ اختیار کرنے کے بجائے تشدد کا راستہ اپنانا چاہتے ہیں۔

خواجہ آصف کے مطابق عوامی فیصلے اور رائے کا احترام جمہوری نظام کی بنیاد ہے، جبکہ طاقت اور تشدد کے ذریعے اپنے نظریات مسلط کرنے کی کوششیں کسی مثبت مقصد کی عکاسی نہیں کرتیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ریاست مخالف سرگرمیوں اور پرتشدد کارروائیوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور ریاستی ادارے اس امر کے پابند ہیں کہ کشمیری عوام کو اپنی رائے کے آزادانہ اظہار اور جمہوری حقِ رائے دہی کے استعمال کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔

وزیر دفاع نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قانون کی بالادستی برقرار رکھتے ہوئے امن و استحکام کے قیام اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔