قومی اقتصادی کونسل نے مالی سال 2026-27 کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی
اجلاس میں وفاقی اور صوبائی ترقیاتی منصوبوں، معاشی اہداف اور سرکاری سرمایہ کاری پروگراموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کے اجلاس میں آئندہ مالی سال 2026-27 کے قومی ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی اور صوبائی ترقیاتی منصوبوں، معاشی اہداف اور سرکاری سرمایہ کاری پروگراموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران رواں مالی سال 2025-26 میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت پر غور کیا گیا جبکہ آئندہ مالی سال کے لیے ترجیحات اور ترقیاتی حکمت عملی کی بھی منظوری دی گئی۔ شرکا کو وفاقی اور صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگراموں (اے ڈی پیز) کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پبلک سیکٹر انویسٹمنٹ پروگرام (پی ایس آئی پی) سے متعلق تفصیلات بھی پیش کی گئیں اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
اجلاس میں مختلف ترقیاتی اسکیموں کی منظوری، میگا منصوبوں کی نگرانی اور جائزہ رپورٹ کی توثیق کی گئی۔ قومی اقتصادی کونسل نے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی اخراجات اور قومی ترقی کے لیے اہم منصوبوں پر عملدرآمد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔