امریکی حملوں کے بعد ایران نے آبنائے ہرمز بند کردی،تمام بحری آمدورفت معطل

اہم سمندری گزرگاہ کو تمام اقسام کے بحری جہازوں، بشمول تیل بردار اور تجارتی جہازوں، کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

June 11, 2026 · اہم خبریں

ایران نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت پر سخت پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایرانی فوجی قیادت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اہم سمندری گزرگاہ کو تمام اقسام کے بحری جہازوں، بشمول تیل بردار اور تجارتی جہازوں، کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق حکام نے خبردار کیا ہے کہ پابندی کے باوجود آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کرنے والے جہازوں کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ موجودہ سکیورٹی صورتحال اور خطے میں جاری کشیدگی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

آبنائے ہرمز کو عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم راستہ سمجھا جاتا ہے، جہاں سے دنیا کے تیل کا ایک بڑا حصہ منتقل ہوتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس گزرگاہ میں رکاوٹ برقرار رہی تو عالمی منڈیوں، تیل کی قیمتوں اور بین الاقوامی تجارتی سرگرمیوں پر اس کے دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

علاقائی اور عالمی مبصرین اس پیش رفت کو مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے تناؤ کا اہم موڑ قرار دے رہے ہیں، جبکہ مختلف ممالک صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔