تنخواہوں پر ٹیکس ریلیف کسے ملے گا؟ غریب پھر رگڑے گئے

230,000 سے 341,000 روپے ماہانہ کمانے والے افراد کو ریلیف ملنے کا امکان ہے

June 11, 2026 · اہم خبریں, قومی

اسلام آباد: آنے والے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس ریلیف کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے تحت مخصوص آمدنی والے افراد پر انکم ٹیکس میں کمی کی تجویز زیر غور ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق 230,000 سے 341,000 روپے ماہانہ کمانے والے افراد کو ریلیف ملنے کا امکان ہے، جبکہ 100,000 سے 183,000 روپے ماہانہ آمدنی والے طبقے کے لیے بڑی تبدیلی متوقع نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں 660 ارب سے 700 ارب روپے کے نئے ٹیکس اقدامات متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے اہداف سے ہم آہنگ ہوں گے۔

مجوزہ منصوبے کے تحت 266,000 سے 341,000 روپے ماہانہ کمانے والوں کے ٹیکس بوجھ میں نمایاں کمی جبکہ زیادہ سے زیادہ شرح ٹیکس کو 35 فیصد سے کم کر کے تقریباً 30 فیصد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب 100,000 سے 183,000 روپے ماہانہ کمانے والے افراد کے لیے موجودہ ٹیکس سلیب برقرار رہنے کا امکان ہے۔ چھوٹ کی حد 600,000 روپے سالانہ پر برقرار رکھی جائے گی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ذریعے 15.3 ٹریلین روپے ریونیو ہدف حاصل کرنے کا منصوبہ ہے، جس میں نئے ٹیکس اقدامات اور سخت نفاذ شامل ہوگا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ درآمدی ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی پر بھی غور کیا جا رہا ہے، تاہم آٹو سیکٹر پر ٹیرف کم کرنے کا فیصلہ فی الحال مؤخر کر دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں یہ اہداف حاصل کرنا چیلنج ہوگا، تاہم حکومت مالیاتی معاہدوں کے تحت اقدامات آگے بڑھا رہی ہے۔