کراچی و حیدرآباد کیلئے 25 ارب کا ترقیاتی پیکج، ایم کیو ایم اور حکومت میں اتفاق

وفد میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفیٰ کمال، امین الحق اور جاوید حنیف شامل تھے۔ ح

June 12, 2026 · اہم خبریں

اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات میں کراچی اور حیدرآباد کے لیے 25 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج پر اتفاق ہو گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرنے والے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفیٰ کمال، امین الحق اور جاوید حنیف شامل تھے۔ حکومتی وفد میں اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ، احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ اور عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں بجٹ تجاویز، بلدیاتی نظام سے متعلق مجوزہ آئینی ترمیمی بل اور سندھ میں گورنر کے کردار سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق حکومت نے کراچی کے لیے 20 ارب روپے اور حیدرآباد کے لیے 5 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کی منظوری پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ حکومت نے ایم کیو ایم کے مجوزہ آئینی ترمیمی بل پر اتحادی مشاورت کے ذریعے پاکستان پیپلز پارٹی سے بات کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) ایم کیو ایم پاکستان کے مجوزہ آئینی اصلاحاتی بل کی حمایت کرتی ہے۔